پشاور(آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جے آئی یوتھ وومن ونگ کو دس لاکھ خواتین ممبربنانے کاہدف دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے تعاون کے بغیر کرپشن فری اور خوبصورت پاکستان کا قیام ناممکن ہے،(آج )جمعہ تک برمی سفیرکو ملک بدرکردیا گیاتو ریڈزون کراسنگ نہ کرنے پرسوچاجاسکتاہے ،برمامیں مسلمانوں پر جاری مظالم کے خاتمے تک ہمارااحتجاج جاری رہے گا۔اسلامی معاشرے کے قیام میں خواتین کا اہم کردار ہے،
غاروں میں بیٹھے دہشت گردوں سے زیادہ خطرناک دہشت گرد ایوانوں کے اندر موجود ہیں اورانہوں نے پوری قوم اور سیاست کو یرغمال بنارکھا ہے ،ملک کو ایسے دہشت گردوں سے نجات دلانے کیلئے جے آئی یوتھ گرلزونگ کو اپناکردار ادا کرنا ہوگا،ساری دنیاکے مظلوم مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ہمارے حکمران ظالم اور جابروں کے سامنے جھک گئے ہیں ۔ وہ جمعہ کو نشترہال پشاور میں جے آئی یوتھ گرلزونگ کے زیر اہتمام آزادی فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ،جے آئی یوتھ گرلزونگ کی صدر ڈاکٹر رخسانہ عزیز،نائب صدر ڈاکٹرعنایت افتخاراور دیگر نے خطاب کیا ،آزادی فیسٹیول میں ملی نغموں ،سٹوری رائیٹنگ،ڈرائینگ اینڈ پینٹنگ،نیلام گھر کے مقابلے ہوئے ،جبکہ الامانہ یوتھ اکیڈمی کی طالبات نے امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کا ملی نغموں کی گونج میں زبردست استقبال کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج کی قیادت ہمیں مغرب سے ڈراتی ہے لیکن میں انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ ڈرنے اور جھکنے کی ضرورت نہیں ہے صرف اللہ سے ڈرنے اور دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ڈٹ کر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے جیسے ترکی کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ہے
اسی طرح ہماری ماؤں بہنوں کو بھی پاکستان میں اسلامی انقلاب کیلئے اہم کردار اداکرنا ہوگاکیونکہ ساری دنیا کی مظلوم ملت کی آنکھیں پاکستان کی طرف ہیں لیکن پاکستان اچھی اور نڈر قیادت کے بغیر کوئی کردار ادانہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم بندوق کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہم جمہوری سیاست کی بات کرتے ہیں ہم ووٹ کے ذریعے ملک میں تبدیلی لانے اور آئین و قانون کے قائل ہیں،اسلئے جے آئی یوتھ نے خیبرپختونخوا سے ممبرسازی مہم شروع کی آٹھ لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کا ممبر بنایا
اور پھر جے آئی یوتھ کے انٹراپارٹی الیکشن ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ہم چاہتے ہیں کہ ووٹر سازی کی اس مہم میں دس لاکھ ہماری بہنیں جماعت اسلامی کی ممبر بنیں انہوں نے کہا کہ ہم ایسا معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں پر خواتین کے تعداد کے تناسب سے انکو معاشرہ میں اپنا حصہ مل سکے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت برما میں مسلمانوں کے ساتھ جو وحشیانہ سلوک جاری ہے ،ہم نے برمی حکومت کے خلاف احتجاج کااعلان کیا ہے اور جمعہ کی نماز کے بعد برما کی سفارتخانے کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرنے کیلئے مارچ ہوگا۔
انہوں نے کہا وزیر داخلہ نے مجھے فون کرکے کہا ہے کہ آپ احتجاج کرنے میں ریڈ زون کو کراس نہ کریں کیونکہ ہم پر دباؤ ہے لیکن میں بتانا چاہتاہوں کہ ایک ہی آپشن ہے کہ اگر حکومت نے برما کے سفیر کو جمعہ تک ملک بدر کردیا تو ہم ریڈ زون تک احتجاج محدود کرنے کا سوچ سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ روہنگیا برما میں مسلمانوں کے ساتھ جو وحشیانہ سلوک ہورہا ہے اس سے وحشت ،بربریت جیسے الفاظ بھی شرماگئے ہیں کوئی انسان ایسی وحشت کا سوچ بھی نہیں سکتا
انہوں نے کہا کہ ہم حیران ہیں کہ پورا عالم اسلام خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے ،انہوں نے کہا کہ اگر ترکی کے صدر رجب طیب ایردوگان اپنی اہلیہ کے ساتھ برما جاکر وہاں کے مسلمانوں کی داد رسی کرسکتے ہیں تو ہمارے حکمران کیوں نہیں جاسکتے ،ہمارے حکمران بزدل اور ڈرپوک ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک برما میں مسلمانوں پر جاری مظالم کا خاتمہ نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔انہوں نے آزادی فیسٹیول کے انعقاد اور وومن ونگ کی کامیاب ممبرسازی مہم پر جے آئی یوتھ گرلزونگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین انشاء اللہ مقررکردہ ہدف سے بڑھ کر خواتین کو جماعت اسلامی کا ممبرو ووٹرز بناکر پوری دنیا اور سامراجی طاقتوں کو واضح پیغام دینگی کہ وہ اسلام کی بیٹیا ہیں اور اسلامی انقلاب کیلئے جمہوری طریقے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔