اسلام آباد( آن لائن ) وزیرخارجہ خواجہ آصف 8ستمبر، بروز جمعہ کو ایک روزہ دورہ پر چین جائینگے۔ دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق خواجہ آصف جمعہ کے دن ایک روزہ سرکاری دورہ پر چین روانہ ہونگے جہاں وہ اپنے ہم منصب وانگ یی Wang Yi سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کرینگے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف خارجہ امور کیلئے چینی سٹیٹ کونسلر ینگ جی چی Yang Jiechi سے بھی ملاقات کرینگے اور باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال اور افغانستان کے مسئلے پر بات چیت کرینگے۔
توقع ہے کہ وزیر خارجہ، چینی ہم منصب سے برکس کے جاری کردہ اعلامیہ پر بھی گفتگو کرینگے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے افغانستان اور جنوبی ایشیا ء کی پالیسی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد پاکستان نے نئی خارجہ پالیسی مرتب کرنے کیلئے اور امریکی صدر کی دھمکی کے بعد اتحادی ممالک کے ساتھ باہم مشاورت کا فیصلہ کیا تھا، اس سلسلے میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ چین کے ایک روزہ دورے کے بعد وزیر خارجہ روس،ترکی اور خلیجی ممالک کے دورے بھی کرینگے۔