بیجنگ (این این آئی)وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیلئے جمعہ کو چین کے سرکاری دورہ پر بیجنگ پہنچیں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ اپنے دورہ کے دوران خواجہ محمد آصف اپنے چینی ہم منصب وانگ یی اور دیگر رہنماؤں سے بات چیت کریں گے۔ ت
رجمان کے مطابق چین اور پاکستان سدا بہار سٹرٹیجک شراکت دار ہیں، دونوں اطراف کے درمیان اعلیٰ سطح پر متواتر تبادلے اور مفید عملی تعاون پایا جاتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا دورہ دونوں دوست ممالک کے درمیان ایک اور اہم موقع ہو گا جس سے باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالہ سے مضبوط اور عملی تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے جبکہ بین الاقوامی اور علاقائی امور کے بارے میں قریبی رابطہ بھی استوار ہے۔