لاہور(این این آئی)نوازشریف کل غیرملکی ائرلائنز کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے لندن روانہ ہونگے، کلثوم نواز کی کیموتھراپی آئندہ ہفتے شروع ہوگی- لندن میں زیر علاج بیگم کلثوم نوازکے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں کو کچھ ضروری سکین اور ٹیسٹوں کے نتائج کا انتظار ہے جس کے بعد انکی کیموتھراپی اس ہفتے کے آخر میں یا آئندہ ہفتے شروع ہوگی جبکہ نوازشریف کل بدھ کو غیرملکی ائرلائنزکی پرواز ای کے 625 کے ذریعے لندن روانہ ہونگے، توقع ہے کہ وہ
لندن میں 10 دن قیام کرینگے جبکہ انکی آمدپر(ن) لیگ ویسٹ لندن میں ریلی نکالے گی۔واضح رہے حمزہ شہباز، نواز شریف کی دوسری بیٹی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بہو اسماء علی، شہباز شریف کی بیٹی، حمزہ شہباز کے بیوی بچے اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز شریف جو علاج کے لئے لندن گئی ہیں، ان کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی گئی ہے جس کا علاج کیا جا رہا ہے۔