اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کے بعد ہرئی کو اپنی رائے کا اظہار کرتا نظر آ رہا ہے، ہر کوئی امریکی صدر ٹرمپ کو کھری کھری سنا رہا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ
بھی امریکی صدر پر برس پڑے۔ ناصر جنجوعہ نے دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اربوں ڈالر پرائی جنگ میں لگا دیے ہیں اس کے علاوہ 70 ہزار انسانی جانوں کا نذرانہ بھی دیا، بدلے میں پاکستان کو کیا ملا؟ صرف الزامات! ناصر جنجوعہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ کے ڈو مور کے جواب میں نو مور کہہ دیا جائے۔ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا کہ امریکہ بہادر اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک سکتا ہے مگر اس سے افغانستان میں امن نہیں لا سکتا۔ امریکہ کے اتحادی بھی اب تنگ آ چکے ہیں اور افغان مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ قومی سلامتی کے مشیر ناصرجنجوعہ نے بھارت کو افغانستان کے حالات کی خرابی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کردار دینے سے خطے کا توازن بگڑ جائے گا۔ انہوں نے پوری دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کو افغان مسئلے کے حل کے لیے آگے آنا چاہیے۔