راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ہے اور دہشتگرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں الزام تراشی کی بجائے دہشتگردوں کیخلاف اعتماد پر مبنی مربوط کارروائی کی ضرورت ہے،پاکستان نے ہر رنگ و نسل کے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کئے ہیں اور پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں جو افغانستان کیخلاف استعمال کی جا رہی ہوں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان میڈیا کے نو رکنی وفد نے جمعہ کو جی ایچ کیو کا دورہ کیااورچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ہے اور دہشتگرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں الزام تراشی کی بجائے دہشتگردوں کیخلاف اعتماد پر مبنی مربوط کارروائی کی ضرورت ہے اور میڈیامخالف قوتوں کی طرف سے پھیلائے گئے منفی تاثر کوزائل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتاہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان نے ہر رنگ و نسل کے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کئے ہیں اور پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں جو افغانستان کیخلاف استعمال کی جا رہی ہوں ۔ آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر موثر بارڈر مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا جس کیلئے پاکستان نے اپنی سائیڈ پر موثر اقدامات کئے ہیں جن میں باڑ لگانے کے علاوہ نئے سرحدی قلعوں اور چوکیوں کا قیام بھی شامل ہے ۔ افغان میڈیا کے وفد نے اپنا وقت دینے اور مخلصانہ تبادلہ خیال پر پاک فوج کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے رابطے ایک دوسرے کو سمجھنے کیلئے نہایت مفید ہیں وہ اپنے اس دورے سے حقائق پر مبنی موثر تاثر لے کر وطن واپس جائیں گے ۔ افغان میڈیا کا وفد آئی ایس پی آر کی کوارڈی نیشن سے پاکستان کے ایک ہفتے کے دورے پر آیا ہوا ہے۔