اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرتجارت پرویز ملک کو این اے 120کی انتخابی مہم چلانے سے روک دیا گیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی وزیر پرویز ملک کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ کی خلاف ورزی پر نوٹس بھی بھجوا یا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر پرویز ملک این اے 120میں کلثوم نواز کی انتخابی مہم چلا رہے تھے،پیپلز پارٹی کے رہنمافیصل میر کی شکایت پرریٹرننگ آفیسر نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر پرویز ملک کو انتخابی مہم چلانے سے روک دیا ہے،
ریٹرننگ آفیسر نے وفاقی وزیر پرویز ملک سےتین دن میں جواب طلب کر لیا ہے، وفاقی وزیرپرویز ملک نے اراکین اسمبلی کیساتھ ملکر انتخابی مہم میں سرکاری مشینری کا استعمال کیا تھا۔نوٹس میں پرویز ملک کو ایسے کاموں سے روکتے ہوئے تنبیہ بھی کی گئی ہےکہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد وفاقی وزراء این اے 120میں انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے ۔واضح رہے کہ این اے 120پر ضمنی الیکشن 17ستمبر کو ہونے ہیں جس میں مسلم لیگ(ن) کی طرف سے کلثوم نوازکو امیدوار کھڑا کیا گیا ہے۔