بیجنگ (آئی این پی) چین نے امریکی صدر کی پاکستان پر الزام تراشی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور انداز میں لڑ رہا ہے، عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کردار کا اعتراف کرنا چاہیے، پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اترنے والی ہے، دونوں ملکوں میں سفارتی، اقتصادی اور سلامتی سے متعلق قریبی تعلقات ہیں۔
منگل کو چینی دفتر خارجہ کی ترجمان حوا چھون اینگ نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور انداز میں لڑ رہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کردار کا اعتراف کرنا چاہیے، دنیا میں امن و سلامتی کیلئے پاک امریکہ مشترکہ کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ توقع ہے کہ امریکی پالیسیاں افغانستان اور خطے میں ترقی اور استحکام کو فروغ دیں گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ میں انسداد دہشت گردی کیلئے باہمی احترام پر مبنی تعاون پر خوشی ہے، پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اترنے والی ہے، دونوں ملکوں میں سفارتی اقتصادی اور سلامتی سے متعلق قریبی تعلقات ہیں۔