لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت قرار دیدی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشیدشیخ نے مقامی وکیل رانا شاہد کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد سے لاہور روانگی پر ریلی کے دوران عدلیہ مخالف تقاریر کیں اور نواز شریف کی تقاریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدلیہ مخالف تقاریر پر نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ جس پر فاضل عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے بارے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت قرار دیدی ۔