اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) روزنامہ خبریں کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کے داماد میاں رستم پیرزادہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری بیوی سعدیہ بتول نے مذہب اسلام کو نہیں چھوڑا وہ مذہبی قسم کی خاتون ہیں اور دین اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتی ہیں، اس نے اب تک ایک بار عمرہ، دو مرتبہ حج اور10با زواری کی ہے،
ایسی مذہبی خاتون دین اسلام کو چھوڑ کر ہندو مذہب کیسے اختیار کر سکتی ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ میرے تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں، میرا بڑا بیٹا عابد علی میرے پاس رہتا ہے درمیانہ بیٹا ہالینڈ میں زیر تعلیم ہے اور چھوٹا بیٹا اسلام آباد میں او لیول کر کے آگے پڑھ رہا ہے جبکہ بڑی بیٹی اسلام آباد کی معروف یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہے اور چھوٹی بیٹی میڈیکل کے آخری سال میں ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ میری شادی شدہ زندگی کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے، ہمارے درمیان طلاق نہیں ہوئی، میری بیوی چند روز قبل ہی بچوں سمیت یہاں سے گئی ہے وہ وہاں پر بچوں کی تعلیم کے سلسلہ میں رہ رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ ہمارا سلسلہ روحانی شخصیت پیر عبداللہ جہاں سے ملتا ہے ہم یہاں پر سات سو سالوں سے رہ رہے ہیں ہمارے خاندان کا کوئی فرد ایسا کام کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔