اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف لاہور ریلی کے بعد پھر سڑکوں پر، بڑے اقدام کا اعلان کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے آئندہ دس روز میں ملتان اور فیصل آباد میں سیاسی طاقتکا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہاں کیے جانے والے عوامی جلسے
میں نوازشریف سپریم کورٹ کے فیصلے پرعوام کو اعتماد میں لیں گے۔ میڈیا ذرائعکے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت آج ان کی رہائش گاہ جاتی امراء میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، اس اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پاناما کیس کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی درخواست پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے نواز شریف کو تجویز دی کہ جی ٹی روڈ کے ذریعے ملتان تک کا سفر کیا جائے۔ جس میں عوام کو آئندہ کے ایجنڈے پر متحرک کیا جائے۔ بعض شرکاء نے کہا کہ سکیورٹی صورتحال ٹھیک نہیں ہے اس لیے ریلی کے بجائے صرف جلسہ کیا جائے، اجلاس میں ملتان میں آئندہ دس روز میں عوامی جلسہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جلسے کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے فیصل آباد میں عوامی ریلی اور جلسہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ اس دوران نواز شریف ملتان میں کچھ سفر بذریعہ سڑک بھی کریں گے۔