لاہور(آئی این پی)سینئروکیل نے پاناما کیس کے فیصلے کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ، درخواست سینئر وکیل اللہ بخش گوندل کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو جے آئی ٹی تحقیقات کی نگرانی کرنے کا اختیا ر نہیںاورمقدمے کی نگرانی کیلئے سپریم کورٹ کے جج کو نامزد نہیں کیا جا سکتا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو
184/3 کے تحت نااہل قرار دیا اور سابق وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے الیکشن کمیشن کے اختیارات استعمال کئے گئے ،درخواست گزار نے مزید کہا کہ آرٹیکل کے تحت اپیل کا حق نہ ہونا شرعی احکامات کے خلاف ہے اورکیس میں نظرثانی کی درخواست اپیل کے برابر نہیں ۔ ایڈووکیٹ اللہ بخش گوندل کا کہنا تھا کہ عدالت عظمی نے نااہلی کی مدت ظاہر نہیں کی جو بڑا سقم ہے لہذافیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے نواز شریف کو عہدے پر بحال کیا جائے۔