اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی بحالی کے لیے جدوجہد نہیں کررہے، اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکلتے ہوئے جلوس کی رفتاربہت سست تھی اور بہت تاخیرہوئی جس کی وجہ سے رہنمائوں کی تقاریربھی ختم کروائیں، جہلم میں لوگ انتظارمیں تھے،وہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر چودھری نثار کے نواز شریف کیساتھ پوسٹر لگے ہوئے ہیں، چودھری نثاربالکل ناراض نہیں، .
وہ اپنے معمول کے کاموں میں مصروف ہیں ، نوازشریف اپنی بحالی کے لیے جدوجہد نہیں کررہے بلکہ ہم چاہتے ہیں آئندہ کبھی کوئی بھی عوام کے ووٹوں کی توہین نہ کر سکے اور کوئی بھی پارٹی اقتدار میں آئے چاہے ہمارے مخالفین ہی کیوں نہ ہوں وہ ہر صورت اپنی آئینی مدت پوری کریں ۔انہوں نےکہا کہ عمران نے انتخابات میں74 لاکھ ووٹ لیے مگر انہوں نے اپنے ووٹوں کی قدر نہیں کی اور مہرہ بن گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی سے نکلتے ہی نوازشریف کے قافلے کی رفتار غیر معمولی طور پر بڑھ گئی تھی۔