اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ پاکستانی قوم کو بے وقوف سمجھتے ہیں، نیب میں ان کی اور ان کے خاندان کی جعلسازی سامنے آ جائے گی، اگر پبلک کسی کے ساتھ ہے تو وہ نظر آتی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ پبلک تھی اس لئے نظر بھی آتی تھی، اگر آپ میں ایمانداری نہیں ہے تو لوگ ٹیکس کیوں دیں گے، لاہور میں یہ ریلی نکال کر دیکھ لیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، ہم اخلاقی کرپشن کی نہیں مالی کرپشن کا شکار ہیں۔
جمعرات کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ پاکستانی قوم کو بے وقوف سمجھتے ہیں، یہ سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ میں جھوٹ بولتے رہے، جے آئی ٹی میں آنے والی چیزوں پر ان کو ڈوب کر مر جانا چاہیے، یہ مشرف سے این آر او لے کر دس سال کیلئے سعودی عرب چلے گئے، نیب میں ان کی اور ان کے خاندان کی جعلسازی باہر آ جائے گی، یہ 300ارب کی چوری کر کے سڑکوں پر ہاتھ ہلاتے پھر رہے ہیں کہ ہم مظلوم ہیں،2013 میں کئی سیاسی جماعتوں نے کہا کہ انتخابات شفاف نہیں ہوئے۔ عمران خان نے کہا کہ میں نے سپریم کورٹ میں اپنے چالیس سال پرانے کاغذات جمع کروائے۔ انہوں نے کئی بار کہا کہ ہم سپریم کورٹ کا فیصلہ مانیں گے، حسن نواز اور حسین نواز کا لندن میں اربوں کا بزنس ہے، اگر پبلک کسی کے ساتھ ہے تو وہ نظر آتی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ پبلک تھی اس لئے نظر آتی تھی۔ آرٹیکل 62اور 63کسی لیڈر کیلئے بنیادی چیزہے، اگر آپ میں ایمانداری نہیں ہے تو لوگ ٹیکس کیوں دیں گے، اگر آپ ایماندار اور سچے نہیں ہیں تو مغربی جمہوریت میں آپ کوئی عہدہ نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاہور میں ریلی نکال کر دیکھ لیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، ہم اخلاقی کرپشن کی نہیں مالی کرپشن کا شکار ہیں۔