جہلم (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جی ٹی روڈ پر ریلی میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار،(ن) لیگ کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق، وزیرداخلہ احسن اقبال، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر، وزیر امور کشمیر برجیس طاہر سمیت دیگر سینئر رہنما اور وزراء بھی موجود نہیں تھے،
سینیٹر وزراء میں سے صرف وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، مشاہد اللہ خان میاں نواز شریف کے نہ صرف ہمراہ تھے بلکہ ان کی گاڑی بھی چلاتے اور ریلی پروگرام کی کو آرڈینیشن بھی ان کے ذمہ تھی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی جمعرات کی شام جب راولپنڈی پنجاب ہاؤس سے جہلم پہنچی تو نواز شریف کا فقید المثال اور پرتپاک استقبال کیا گیا، ریلی میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق وزیر مملکت عابد شیر علی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، (ن) لیگ خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام (ن) لیگ کے رہنما سابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویزرشید ساتھ تھے۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے علاوہ سینئروزراء خواجہ آصف، اسحاق ڈار، راجہ ظفر الحق، احسن اقبال، رانا تنویر ،برجیس طاہر، میاں ریاض حسین پیرزادہ، ملک پرویز، خرم دستگیر خان، سرتاج عزیز میں سے کوئی ریلی کے ہمراہ جہلم نہیں پہنچا تاہم پرویز رشید جہلم میں سٹیج پر موجود رہے اور سابق وزیراعظم سے سرگوشیاں کرتے رہے تھے ۔ دریں اثناء آج بھی حلف اٹھانے والے وفاقی وزیر دانیال عزیز بعد ازاں جہلم پہنچ گئے ،وہ کل ریلی کے ساتھ لاہور جائیں گے۔