کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ اسمبلی میں آج نیب کو بے اختیار کرنے کا بل پیش کیا جائے گا، اپوزیشن جماعتوں نے بل کی مخالفت کے لئے کمر کس لی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب سندھ میں سندھ حکومت یا اس کے ذیلی اداروں میں کرپشن کی تحقیقات نہ کرے، بل آج سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، مجوزہ بل کا نام نیشنل اکاوئنٹیبلیٹی آرڈیننس 1999 سندھ ریپیل ایکٹ 2017 رکھا گیا ہے۔
بل کے منظوری کے بعد نیب سندھ حکومت یا اس کے ذیلی اداروں میں کرپشن سے متعلق کسی معاملے میں تحقیقات نہیں کر سکے گا بلکہ یہ کام صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن کرے گا۔محکمہ قانون سندھ کی جانب سے تیار کیے گئے مجوزہ بل کے مسودے کے مطابق اس کا اطلاق پورے سندھ پر فوری طور پر ہوگا۔نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بل کی منظوری پراحتساب کمیشن کووسیع اختیار مل جائے گا، نیب کی تحقیقات صوبائی احتساب کمیشن کو منتقل ہو جا ئیں گی زیرسماعت مقدمات بھی صوبائی احتساب کورٹ میں منتقل ہوجائیں گی۔انونی مسودے کے مطابق صوبائی محکمہ جات سے متعلقہ بدعنوانی پر کارروائی صرف صوبے کا اختیار ہے، انسداد بدعنوانی کے خلاف وفاق کی کارروائی آئین کی خلاف ورزی ہے۔قانون میں کہا گیا ہے کہ انسداد بدعنوانی کے قوانین میں ترامیم کا اختیار صوبائی اسمبلی کو ہے، صوبہ سندھ کے عوام پر دو متوازی قوانین نہیں تھوپے جاسکتے، صوبائی اسمبلی کو مرکز کے لاگو کردہ قوانین کالعدم کرنے کا بھی اختیار حاصل ہے۔دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے اس بل کی مخالفت اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت کے فیصلے کے خلاف اعلی عدالت جانے کا عندیہ بھی دیدیا ہے۔