اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے انکشاف کیا ہے کہ شریف خاندان اس وقت کشمکش کی صورتحال میں ہے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ 10جولائی کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دے گی اور 15 یا پھر 16جولائی کو وزیر اعظم نواز شریف کو کہا جائے گا کہ آپ صادق اور امین نہیں رہے۔ آج کل شریف خاندان اورمسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی
اس کشمکش کی صورتحال میں جس موضوع پر بات کررہے ہیں وہ یہ ہے اگر وزیر اعظم نااہل ہو جاتے ہیں تو پھر وزارتِ عظمیٰ اور حکومتی انتظام و انصرام کون دیکھے گا۔ ڈاکٹر شاہد مسعود کا یہ بھی کہنا تھا کہ شریف خاندان میں صرف ایک ایسا شخص ہے جو پانامہ لیکس میں نامزد نہیں ہے وہ حمزہ شہباز شریف ہیں جو پیچھے کھڑے خاموشی سے سب دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف پر شریف خاندان کی طرف سے دباؤ ہے کہ انہیں کسی پر تو یقین کرنا پڑے گا جس کے لیے حمزہ شہباز سب سے موزوں شخصیت ہیں۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی جن کا کہنا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف اور اسحاق ڈار تو نا اہل ہوں گے ہی۔ اس میں ہمارا کیا قصور ہے؟ ہم پر کیوں کیس دوبارہ کھلوانا چاہتے ہیں۔ ان ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہمیں اس قابل تو چھوڑ دیں کہ ہم ان کے لئے احتجاج کر سکیں اور اسمبلی میں ڈیسک بجا سکیں دوسری طرف وزیراعظم نواز شریف کو یہ خوف ہے کہ کہیں حمزہ شہباز شریف وزارت عظمیٰ ملنے پر اسمبلی ہی تحلیل نہ کر دیں۔