لاہور(آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے پاناما کیس کی تحقیق کرنے والی جے آئی ٹی کو مریم نواز کی طلبی پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جے آئی ٹی نے مریم بی بی کے تقدس کا خیال نہ رکھا تو اسے خمیازہ بگھتنا ہو گا ، مریم نواز کی طلبی مشرقی اور اسلامی روایات کے خلاف ہے۔میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ خواتین کو بلایا جانا لوگ مناسب تصور نہیں کرتے،
مریم نواز کی طلبی جے آئی ٹی کے متنازع وجود میں آخری کیل ثابت ہوگی،جےآئی ٹی کس کو دکھانے کیلیے یہ سب کر رہی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ تقدس اور احترام کے تقاضے ہیں ،میں یہ سمجھتا ہوں کہ جے آئی ٹی کو ملحوظ خاطر رکھنا ہو گا ،اگر وہ نہیں رکھیں گے تو پھر اس کے نتائج بھی انہی کو بگھتنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاناما کی یہ انکوائری کر رہے ہیں لیکن پاناما یہ گئے ہی نہیں ،فلٹیس کی انکوائری کر رہے ہیں لیکن یہ لندن بھی نہیں گئے اور نہ ہی قطری شہزادے کے پاس گئے ہیں تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ کس کی انکوائری کر رہے ہیں ؟۔انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کیلئے وڈیو لنک ہے تو مریم کیلئے کیوں نہیں۔فون ٹیپ کرنا جےآئی ٹی کا مینڈیٹ نہیں، سپریم کورٹ نے ایکشن لینا ہے۔