اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کی پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز پانامہ جے آئی ٹی کی جانب سے پیش ہونے کا نوٹس ملنے کے بعد وکیل کے ہمراہ پیش ہونے کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے ہیں۔ پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل میـڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے
حسین نواز کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے ان کے کسی بھی کاروبار میں شمولیت ، ملکیت اور عہدوں سے متعلق تفصیلات سمیت انہیں پیش ہونے کا نوٹس دیا ہے جس کیلئے 24گھنـٹے کا وقت دیا گیا ہے۔ میں اپنے وکیل کے ہمراہ پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے آیا ہوں اور اگر وکیل کے ہمراہ مجھے پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ نہ کروانے دیا گیا تو میں باہر آکر میـڈیا میں اپنا موقف دوں گا۔ اس موقع پر حسین نواز کا کہنا تھا کہ انہیں پانامہ جے آئی ٹی کی جانب سے کوئی سوالنامہ موصول نہیں ہوا۔ حسین نواز کا کہنا تھا کہ تمام ریکارڈ کے ہمراہ پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے صرف 24گھنـٹے کا وقت دیا گیا ہے۔ حسین نواز کے جوڈیشل اکیڈمی پہنچنے پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ حسین نواز کی جانب سے دو دن قبل پانامہ جے آئی ٹی کے دو ممبران پر سیاسی وابستگیوں کا الزام لگایا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ پانامہ جے آئی ٹی کے ایک ممبر نے حدیبیہ پیپرملز کیس میں دوران تفتیش انہیں دھمکایا تھا۔ حسین نواز نے اس حوالے سے جے آئی ٹی کے دو ممبران کے خلاف ایک درخواست سپریم کورٹ میں بھی جمع کروا رکھی ہے جس کی سماعت 29مئی کو سپریم کورٹ کا 3رکنی بنچ کرے گا۔