اسلام آباد/بیجنگ(آئی این پی )پاکستان ،ا فغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی عملی تعاون کے پہلے دور میں فریقین نے سی پیک کو خطے میں رابطوں کی بہتری کیلئے فائدہ مند قرار دیا اور تعاون کے سلسلے میں عملی، ون بیلٹ ون روڈ کے تحت شعبوں میں عملی تعاون سے باہمی مفاد کے اقدامات ، ورکشاپس اور مختلف فورمز کے انعقاد پر اتفاق کیا
اور اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان اور خطے میں امن ، استحکام اور ترقی کے لئے سہ فریقی تعاون ضروری ہے ۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق پاکستان ، افغانستان ور چین کے درمیان سہ فریقی عملی تعاون کے پہلے دور کا اجلاس ہواجس میں تینوں فریقین نے دوستانہ ماحول میں سہ فریقی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اس اجلاس میں تعاون کے سلسلے میں عملی اقدامات پر اتفاق ہوا۔ تینوں فریقین نے سی پیک کو خطے میں رابطوں کی بہتری کیلئے فائدہ مند قرار دیا۔ ون بیلٹ ون روڈ کے تحت شعبوں میں عملی تعاون سے باہمی مفاد کے اقدام پر اتفاق کیا گیا ۔ پاکستان ، افغانستان اور چین نے ورکشاپس اور مختلف فورمز کے انعقاد پر اتفاق کیا ۔ انفراسٹرکچر ، زراعت ، توانائی ، تربیت واستعداد بڑھانے میں تعاون کیا جائے گا۔ سہ فریقی فورم کو باقاعدہ فورم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ افغانستان اور خطے میں امن ، استحکام اور ترقی کے لئے سہ فریقی تعاون ضروری ہے ۔