اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انـصاف کے رہنمائوں کی قیادت میں پشاور اور بٹ خیلہ میں گرڈ سٹیشنوں پر مظاہرین کا دھاوا، پشاور میں رحمان بابا گرڈ سٹیشن میں دھرنا ،بـٹ خیلہ میں مظاہرین نے گرڈ سٹیشن کا فرنیچر جلا دیا،پولیس نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کے مشیر شکیل خان اور ایم این اے جنید اکبر کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق
پاکستان تحریک انـصاف کے رہنمائوں کی قیادت میں لوڈ شیـڈنگ کے خلاف پشاور اور بٹ خیلہ میں مظاہرین نے گرڈ سٹیشنوں پر دھاوا بول دیا ۔ پشاور میں رحمان بابا گرڈ سٹیشن میں مـظاہرین نے دھرنا دے دیا ہے جبکہ بـٹ خیلہ میں تاج آباد گرڈ سٹیشن میں مظاہرین نے اندر گھس کر دفتر میں موجود فرنیچر کو آگ لگا دی ہے۔مظاہرین کی قیادت کرنے والے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے مشیر شکیل خان اور ایم این اے جنید اکبرکو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ خیبرپختونخواہ پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہزار خوانی فیڈر پر تحریک انـصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی کی قیادت میں مظاہرین نے دھاوا بول کر قبضہ کر لیا اور فیڈر سے بل ادا نہ کرنے والے علاقوں کی بند بجلی بحال کردی تھی جبکہ مظاہرین ساری رات فیڈر پر قابض رہے۔ فضل الٰہی نے آج بھی اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم تمام گرڈ سٹیشنوں پر دھاوا بول کر قبضہ کرینگے اور 10گھنٹے سے زائد کی لوـڈ شیڈنگ ہمیں قبول نہیںہو گی۔