اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی درالحکومت کا ریڈ زون میدان جنگ بن گیا، حکومتی پالیسیوں پر احتجاج کرنیوالے کسانوں پر پولیس کی شیلنگ ، واٹر کینن کا استعمال، متعدد گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کا ریڈ زون اس وقت میدان جنگ بن گیا جب حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ کسانوں کو منتشر کرنےکیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جس پر مشتعل ہو کر کسان مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو شروع کر دیا۔
اس موقع پر پولیس نے کئی کسانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ کسان کھادوں کی ان پٹ اور آؤٹ پٹ سے جی ایس ٹی ختم ، زرعی بجلی کا دن رات کے لئے بجلی کا ٹیرف چار روپے فی یونٹ مقرر، زرعی بجلی کے بقایاجات معاف اور زرعی مشینری سے تمام ٹیکس ختم کرانے کے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ کسانوں کے احتجاج کے دوران تصادم سے قبل ایک موقع پر کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خورشید شاہ بھی مظاہرے میں شریک ہوئے لیکن وہ اپنی حمایت کی یقین دہانی کے بعد واپس چلے گئےتھے۔