اسلام آباد(آئی این پی )پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر مولانا فضل الرحمان کے موقف کی تائید کرتا ہوں ، عوام کی مرضی کے خلاف فاٹا میں جو بھی اصلاحات ہوئی وہ ناقابل قبول اور غیر آئینی ہوں گی ، خطے میں جنگی ماحول کے درمیان کبھی
بھی سی پیک منصوبہ مکمل نہیں ہوسکتا ، ہم خطے میں جنگ کے بادل نہیں لانا چاہتے ۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں جو بھی اصلاحات کی جائیں وہ وہاں کی عوام کی مرضی کے خلاف نہیں ہونی چاہیءں ، ایسی اصلاحات ظالمانہ ہوں گی ، فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کے حوالے سے اکثریت جو فیصلہ کرتی ہے اسے منظور ہوناچاہیے ، مولانا فضل الرحمان کا فاٹا کے معاملے پر موقف بالکل درست ہے تائید کرتا ہوں ۔ محمود خان اچکزئی نے کہاکہ خطے میں امن قائم ہونے تک سی پیک پروان نہیں چڑھ سکتا ، افغانستان اور ایران کے ساتھ ماحول میں سی پیک منصوبہ مکمل نہیں ہوسکتا ، ہم کسی صورت خطے میں جنگ کے بادل نہیں لانا چاہتے ۔انہوں نے کہا کہ خدا کرے آئندہ بجٹ غریب نواز ہو، فاٹا میں اصلاحات کے حق میں ہیں تاہم جو کمیٹی بنائی گئی اس میں فاٹا کی نمائندگی نہیں ہے ،
فاٹا کے معاملے پر جلد بازی نقصان دہ ہوگی ، فاٹا میں عوام کی مرضی معلوم کئے بناجو بھی اصلاحات کی گئیں وہ نقصان دہ ہونگی ، مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں اور ان کا موقف بالکل درست ہے ، سیاست بڑا نازک کام ہے میں اقتدار میں ہوتا تو ایرانی صدر کے دورے کے دوران کلبھوشن کی بات نہ کرتا۔