مانسہرہ(آئی این پی)مانسہرہ کی تحصیل گڑھی حبیب اللہ میں لوگوں نے خود ہی عدالت لگائی اور نوجوان کو موت کی سزا دیدی، گاؤں کی ایک لڑکی کے ساتھ تعلقات کے الزام پر مشتعل ہجوم نے نوجوان کو ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا، پھر گولی مار کر زندگی ہی چھین لی۔
ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق مانسہرہ کی تحصیل گڑھی حبیب اللہ میں نوجوان کے قتل کی لرزہ خیز واردات کی گئی۔ مشتعل ہجوم نے پہلے ڈنڈے اور پتھر مار کر نوجوان کو لہولہان کیا پھر گولی مار کر جان لے لی۔ مشتعل افراد نے نوجوان کو برہنہ کرکے بھی گھسیٹا ، مقدمہ درج کر لیا گیا۔ متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف کی اپیل کی ہے ۔مقامی لڑکی سے تعلقات کے الزام پر گاں دلولہ کے رہائشیوں نے خود ہی عدالت لگائی اور نوجوان عبدالستار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بااثر ملزمان بہیمانہ تشدد کے بعد نیم بے ہوش نوجوان کو برہنہ کر کے گھسیٹتے رہے۔سفاکی کی انتہا ایسی کہ بااثر ملزمان نے پولیس کو بھی زخمی نوجوان کے قریب نہ جانے دیا۔ دو گھنٹے بعد مشتعل ہجوم نے پولیس کو نوجوان کے پاس جانے کی اجازت اس وقت دی جب اس کی چند سانسیں ہی باقی تھیں۔پولیس نے مرکزی ملزم کے بیرون ملک فرار ہونے کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا تاہم انہوں نے بھی ضمانت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔