کو ئٹہ(آئی این پی)یہ حملہ ہم نے کیا تھا،خطرناک تنظیم نے مستونگ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی، تفصیلات کے مطابق مستونگ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے ،غیرملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ مستونگ میں حملہ داعش نے کیا تھا جس کی ذمہ داری قبول کرلی گئی ہے ،
ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب دھماکہ، 17 افراد جاں بحق جبکہ 30سے زائد زخمی ہوگئے ، مولانا عبدالغفور حیدری بھی زخمیوں میں شامل ہیں ۔اطلاعات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری مستونگ میں واقع ایک مدرسے میں دستار بندی کی تقریب میں شرکت کے بعد روانہ ہورہے تھے کہ اس وقت زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں مولانا عبدالغفور حیدری خود بھی شامل ہیں ۔ دھماکے کے بعد مولانا عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ دھماکہ انتہائی شدید تھا میرے پورے جسم پر زخم آئے ہیں تاہم میں خیریت سے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کے جاں بحق ہونے کا افسوس ہے ۔ ڈپٹی ایم ایس سول ہسپتال مستونگ نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں 17 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔ دھماکے کے زخمیوں کو ایمبولینسز اور پرائیویٹ گاڑیوں میں کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے ۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ دھماکے بعد پولیس اور انتظامیہ نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے واقعہ سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہے ۔