اسلام آباد(آئی این پی )ترجمان وزیراعظم آفس نے وزیراعظم نوازشریف کی نیو ایئرپورٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے جواب کو بدقسمتی سے سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ، وزیراعظم نے ماضی کی حکومتوں کے احتساب کی
ضرورت پر زوردیا، ماضی میں عوام کی خدمت کے نام پر قومی خزانے کی لوٹ مار کی گئی، موجودہ حکومت کے خلاف بدعنوانی کا کوئی سکینڈل نہیں ہے ، حکومت نے تمام منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا ۔ پیر کو ترجمان وزیراعظم آفس نے وزیراعظم نوازشریف کی6مئی کو نیو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران وزیراعظم سے پوچھا گیا کہ کیا ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ داروں کے تعین کی تحقیقات زیر غور ہیں ، سوال میں گزشتہ حکومتوں کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافے کا پوچھا گیا ، وزیراعظم کے جواب کو بدقسمتی سے سیاق سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ، وزیراعظم نے ماضی کی حکومتوں میں کرپشن کرنے والوں کے محاسبے پر زوردیا ۔ ترجمان نے کہاکہ ماضی میں عوام کی خدمت کے نام پر قومی خزانے کی لوٹ مار کی گئی ، وزیراعظم نے ماضی کی حکومتوں کے احتساب کی ضرورت پر زوردیا
، وزیراعظم نے کہا کہ ایسی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے، ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کی تائید سے اقتدار میں آئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس کے قائدین کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی سے پاک میگا منصوبوں کی تکمیل بدعنوانی کے خلاف حکومتی عزم کا عکاس ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے خلاف بدعنوانی کا کوئی سکینڈل نہیں ہے ، حکومت نے تمام منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا ، شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قومی خزانے میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ، حکومت معاشی وسماجی شعبوں میں انقلاب اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے کام کرتی رہے گی ، ملک میں قانون کی حکمرانی ہے اور تمام ادارے مینڈیٹ کے مطابق بلا خوف کام کر رہے ہیں ۔