اسلام آباد(آئی این پی)پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) پیر کو کام کا آغاز کرے گی ، سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار محمد علی پہلے اجلاس میں پانامہ کیس کے عدالتی فیصلے اور عدالت میں پیش کردہ ریکارڈ جے آئی ٹی کے سپرد کریں گے ، جے آئی ٹی سپریم کورٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں درج ٹی اوآرز کے مطابق اپنی تحقیقات کرے گی
جبکہ بیرون ملک سے درکار شواہد کے حصول کیلئے بھی طریقہ کار طے کیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم 6رکنی جے آئی ٹی پیر کو سیکٹر ایچ ایٹ واقع جوڈیشل کمپلیکس میں اپنا پہلا اجلاس منعقد کرے گی ، اس تعارفی میٹنگ میں جے آئی ٹی کے کوآرڈینیٹر اور سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار محمد علی بھی شریک ہوں گے جو جے آئی ٹی کو کیس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے اور عدالتی فیصلے کی کاپی سمیت عدالت میں شکایت کنندگان کی طرف سے جمع کرائے گئے ریکارڈ کی کاپیاں بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سپرد کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے قیام کے نوٹیفکیشن میں اس کے ٹی او آرز بھی درج کئے گئے ہیں اور تحقیقات کے لئے ٹائم فریم بھی مقرر کیا گیا ہے کہ جے آئی ٹی ، ٹی او آرز اور ٹائم فریم کی پابندی کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ان شخصیات کو بھی طلب کرے گی جن پر الزامات عائد کئے گئے ہیں جبکہ بیرون ملک موجود سرمائے کی منتقلی سے متعلق شواہد تلاش کئے جائیں گے اور قطر سمیت دیگر ممالک سے رابطہ کر کے وہاں کی گئی سرمایہ کاری سے متعلق بھی شواہد کی فراہمی درخواست کی جائیگی۔ جے آئی ٹی روزانہ کی بنیاد پر اپنا کام کرے گی اور اس کے تمام اجلاس اور کارروائی ان کیمرہ ہوگی ۔ واضح رہے کہ عدالت کی طرف سے جے آئی ٹی ارکان کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں
جبکہ انہیں فنڈز بھی فراہم کر دیے گئے ہیں اور ملک کے تمام اداروں ،وزارتوں اور ڈویژنوں کو جے آئی ٹی کے ساتھ پانامہ کیس کی تحقیقات میں تعاون کا کہا گہا ہے ۔