اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ افغان فورسز نے کسی اور کے اشارے پر ہمارے شہریوں پر گولہ باری کرکے غلط روایت قائم کی۔یہ بات انہوں نے افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں میں گولہ باری کے بعد آئی جی ایف سی بلوچستان سے ٹیلی فونک گفتگو میں صورتحال جاننے کے بعد کہی۔
آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے وزیر داخلہ کو چمن بارڈر کے واقعے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ واقعہ مردم شماری میں مصروف فورسز پر حملے سے شروع ہوا جسے فوج اور ایف سی کی فوری جواب کارروائی نے غیر مؤثر بنایا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ افغان فورسز سے اپنا ملک تو سنبھلتا نہیں،افغان فورسز نے شہریوں پر گولہ باری کرکے غلط روایت قائم کی، ہماری افواج کے دلیرانہ ردعمل سے آئندہ ایسی روش کی حوصلہ شکنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغان فورسز نے کسی اور کے اشارے پر یہ کارروائی کی جسے پاک فوج نے روکا اور اسے غیر موثر بنایا۔