راولپنڈی (آئی این پی)پاک فوج نے بھارت کی جانب سے بٹل سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی اور فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے بٹل سیکٹر پر ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی، بھارت کا پاکستان پر بٹل سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام بے بنیاد ہے۔
پاک فوج نے بھارت کی جانب سے فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کے الزام کو بھی غلط قرار دیا اور کہا کہ پاک فوج اعلی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی حامل فوج ہے جو کسی بھی فوجی کی چاہے وہ بھارتی ہی کیوں نہ ہو ، بے حرمتی نہیں کر سکتی۔واضح رہے کہبھارت نے پاکستانی فوج پر لائن آف کنٹرول پرگشت کرنے والے 2فوجیوں کو ہلاک کرکے انکی لاشیں مسخ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے جوابی کاروائی کی دھمکی دیدی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین فوج کی شمالی کمان کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ لائن آف کنٹرول کے ضلع پونچھ میں کرشنا گھاٹی سیکٹر میں پیش آیا۔بیان میں الزام لگایا گیاکہ پاکستانی فوج نے پہلے ایل او سی پر قائم بھارتی فوج کی دو فارورڈ چوکیوں پر بلااشتعال مارٹر گولے اور راکٹ داغے اور پھر ساتھ ہی پاکستانی ‘بارڈر ایکشن ٹیم نے ان چوکیوں کے درمیان گشت کرنے والے فوجیوں پر حملہ کر دیا۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں پاکستانی فوجیوں نے 2 فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشیں مسخ کر دیں۔بیان میں اس مبینہ اقدام کو عسکری روایات کے منافی قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج کی اس قابلِ نفرت حرکت کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ بھارتی فوج نے بیان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔پاکستان کی فوج کی جانب سے اس واقعے کے بارے میں تاحال سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم عسکری ذرائع نے انڈین فوج کے دعوے کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔