اسلام آباد(آئی این پی)ڈان لیکس کی انکوائری رپورٹ پر وزیر اعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کئے گئے سرکاری اعلامیہ میں سابق وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پر ویز رشید سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا ‘ رپورٹ میں پرویز رشید پر وہی الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ متنازعہ خبر رکوانے میں ناکام رہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز جسٹس (ر) عامر رضا کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی سفارشات پرعملدرآمد کیلئے وزیر اعظم کے
سیکرٹری فواد حسن فواد کی طرف سے میڈیا کو جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس میں ڈان اخبار کا معاملہ اے پی این ایس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی کے خلاف 1973ء کے رولز کے تحت کارروائی کیلئے ہدایت دی گئی ہے ۔ طارق فاطمی کو خارجہ امور کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے الگ کر دیا گیا ہے تاہم سابق وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کے متعلق کوئی بات سرکاری طور پر نہیں بتائی گئی۔