اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں نامکمل کوائف کی فراہمی پر ویزے کے اجراء پر مکمل پابندی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نامکمل کوائف پر غیرملکیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،ویزے کیلئے غیرملکی درخواست گزاروں کی مکمل معلومات ضروری ہوں گی،ویزہ جاری کرنے والے افسران کا ریکارڈ وزارت داخلہ کو منتقل کیا جائے گا،وزیرداخلہ نے
ہدایت کی کہ ویزہ قوانین اور متعلقہ ایس او پیز کا ازسرنوجائزہ لیا جائے۔منگل کو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔اجلاس میں نامکمل کوائف کی فراہمی پر ویزے کے اجراء پر مکمل پابندی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ نامکمل کوائف پر غیرملکیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،ویزے کیلئے غیرملکی درخواست گزاروں کی مکمل معلومات ضروری ہوں گی،ویزہ جاری کرنے والے افسران کا ریکارڈ وزارت داخلہ کو منتقل کیا جائے گا۔اجلاس میں غیرملکیوں کی آمدورفت اور قیام کے قوانین کا اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،سفارتخانوں،وزارت خارجہ،سول ایوی ایشن اور امیگریشن حکام کو ہدایت جاری کردی گئی۔وزیرداخلہ نے شکاریوں کی آمدورفت میں طے شدہ قواعد پر عملدرآمد میں غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنے والے وفود کو مکمل کوائف کی فراہمی پر ویزہ جاری ہوگا جبکہ پیشگی سیکیورٹی کلیئرنس کی صورت میں پہلے وزارت داخلہ سے کلیئرنس لینے کی ہدایت کی گئی۔وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ ویزہ قوانین اور متعلقہ ایس او پیز کا ازسرنوجائزہ لیا جائے۔اجلاس میں جڑواں شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق احکامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیرداخلہ نے ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف پر ای ٹکٹنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔