اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کا اعلان ہونے کے بعد بھارتی انتہا پسند ایک بار پھر پاکستان کے خلاف بے قابو ہوگئے، پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیرائو کر لیا ،پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی، پاکستانی سفارتی عملے کی زندگیوں کو
خطرات لاحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کرلیاہے۔ مظاہرین نے کلبھوشن کی پھانسی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔انتہا پسندوں کے احتجاج کے بعد پاکستانی سفارتی عملے کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ کلبھوشن کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد گزشتہ روز بھارتی وزارت خارجہ نے احتجاج کیلئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کیا تھا جس پر پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کے تمام اعتراضات اور احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے اپنے رد عمل میں اپنی طلبی کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے کہاتھا کہ کلبھوشن یادو دہشت گردی بھی پاکستان میں کرے اور وزارت خارجہ میں طلب بھی پاکستانی ہائی کمشنر کو کیا جائے۔عبدالباسط نے کلبھوشن کی سزائے موت کو صحیح اقدام قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے کوئی غلط کام نہیں کیا بلکہ پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث شخص کو سزا سنائی ہے۔