اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سرکاری فنڈز سے صدقے کے بکرے دینے کے معاملہ پر ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور کی حفاظتی ضمانت میں پندرہ مئی تک توسیع کر دی۔اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر نے ڈپٹی چیرمین نیب امتیاز تاجور کی کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ امتیاز تاجور کے وکیل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ایف آئی آر کے اخراج کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع
کر رکھا ہے۔ ہائی کورٹ کے آرڈر ہیں کہ ایف آئی آر کے اخراج سے متعلق فیصلہ آنے تک متعلقہ عدالت کو کارروائی سے روک رکھا ہے۔ عدالت نے امتیاز تاجور کی حفاظتی ضمانت میں پندرہ مئی تک توسیع کر دی۔امتیاز تاجور پر ادارے کے پیسوں سے بچوں کی ویزہ فیسز۔ ٹیلی فون بلزاور صدقے کے بکرے دینے کے الزامات ہیں۔ امتیاز تاجور پر ادارے کے پیسوں سے رشتہ داروں کو مہنگے تحائف دلوانے کا بھی الزام ہے۔