اسلام آباد (آئی این پی )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات میں سندھ کے سینئر سیاستدان لیاقت جتوئی نے 22اپریل کو دادو میں جلسہ عام میں اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔جمعرات کوبنی گالہ میں سندھ کے سینئر سیاستدان لیاقت جتوئی کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں سندھ کی صورتحال، پیپلز پارٹی کی کرپشن اور سندھی عوام کی محرومیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر 22 اپریل کو دادو میں عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ لیاقت جتوئی نے چیئرمین تحریک انصاف کو جلسہ عام سے خصوصی خطاب کیلئے باضابطہ مدعو کیا۔لیاقت جتوئی نے کہا کہ 22 اپریل کے جلسہ عام میں وہ اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ لیاقت جتوئی نے کہا کہ سندھ کے عوام ظلم اور استحصال سے پوری طرح عاجز آچکے ہیں۔ اور تحریک انصاف اور عمران خان کے انتہائی شدت سے منتظر ہیں۔ لیاقت جتوئی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملک بھر کی طرح سندھ میں آئندہ حکومت انشااللہ تحریک انصاف بنائے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے لیاقت جتوئی اور انکے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوے کہا کہ سندھ کے عوام کو مزید ظلم اور استحصال کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔اور نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے مک مکا کے وبال سے اپنی قوم کو بچائیں گے۔ ملاقات میں جہانگیر ترین، ڈاکٹر عارف علوی, دیوان سچل اور نریندر سمیت دیگر بھی شریک تھے۔