اسلام آباد/لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اگر میں وزیراعظم ہوتا تو پانامہ کیس میں خلاف فیصلہ آنے پر سیاست چھوڑ دیتا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر خیرپختونخواہ و فاٹا اجمل خان وزیر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر کے پی کے اور فاٹا کے حوالے
سے تنظیمی امور، سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات پر بات چیت کی۔ انہوں نے ہری پور ہزارہ میں کامیاب پارٹی کنونشن کو سراہا اور کہا کہ صوبہ میں ڈویژنل سطح پر پارٹی کنونشن کروانے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس سے پارٹی فعال اور مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کے پی کے اور فاٹا میں پارٹی کو منظم اور متحرک کرنے کیلئے اجمل خان وزیر کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت کم مدت میں پارٹی کو فعال کر دیا گیا ہے۔