اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر اقتدار اسلام آباد میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے والے ایوان صدر کیلئے بننے والے سگریٹ پر لفظ پاکستان کی مہر کیوں ہوتی ہے؟ اس معاملے صوبائی اسمبلی (پنجاب اسمبلی) میں قرارداد جمع کرادی گئی ہے۔یہ قرار داد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی ہے اور اس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لفظ پاکستان اور پاکستان کے
سرکاری نشان سے مشابہہ نشان کو سگریٹ سے ہٹایا جائے۔نجی ٹی وی چینل ’’سما‘‘ کی رپورٹ کے مطابق لفظ’’پاکستان‘‘ اور پاکستانی سرکاری نشان سے متعلق ’’نشان‘‘ ایوان صدر میں استعمال ہونے والے سگریٹس کی نہ صرف ڈبی پر موجود ہے بلکہ پیکٹ میں موجود ہر ایک سگریٹ پر فلٹر سے اوپر شامل ہے جسے پئے جانے پر لفظ پاکستان اور سرکاری نشان سے مشابہہ نشان جلایا جاتا ہے۔ ایوان صدر کے لیے مخصوص سگریٹ پر پاکستان کی مہر کیوں درج کی جاتی ہے؟ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ایم پی اے نے اس کی مخالفت میں قرار داد جمع کرادی، قرارداد کے مطابق ایوان صدر کی سگریٹس پر لفظ پاکستان فوری ختم کیا جائے، ایک دن میں ہی متعدد بار سگریٹ جلنے سے لفظ پاکستان کی بے حرمتی ہوتی ہے۔پی ٹی آئی رہنما شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سگریٹ کے ساتھ لفظ پاکستان کو جلایا جانا ناقابل برداشت ہے، ایوان صدر کی سگریٹس پر لکھے لفظ پاکستان کو فوری ختم کیا جائے۔