اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کے بر ے دن ختم نہیں ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا طیارہ PK789 ٹیکسی کرتے ہوئے ایئر فرانس کے طیارے سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں پی آئی اے کے طیارے کے ایک پر کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک مسافر بھی متاثر ہوا ہے۔ ٹورنٹو ایئر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ ٹیکسی کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا تھا کہ ایئر فرانس کے طیارے سے جا ٹکرایا۔ طیارے حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
فرانس سے پاکستان جانیوالی اس پرواز کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان سے دوسرا جہاز فرانس روانہ کیا جائے گا جو مسافروں کو لیکر واپس پاکستان آئے گا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے طیارے میں کئی مسافر سوار تھے جو طیارے حادثے سے خوفزدہ ہو گئے۔ حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی تک نہیں کیا جا سکا جبکہ اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کا ایک طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔