اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔عدالت عظمیٰ کے حکم پرمردم شماری کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔مردم شماری میں تاخیر کے معاملے پرسپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تو عدالتی دباؤ پرحکومت بھی مردم شماری پرآمادہ ہوگئی۔ایک نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق حکومت نے مردم شماری کا عمل 15مارچ سے شروع کرنے پر صوبوں سے غیر رسمی مشاورت کرلی۔مردم شماری کا عمل 2ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔اٹارنی جنرل اشراوصاف کا کہنا ہے کہ مردم شماری شروع
کرنے کی سمری مشترکہ مفادات کونسل کو بھجوادی گئی ہے جو حتمی منظوری دے گی۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے کہاتھاکہ اگر حکومت نے مردم شماری کرنے کیلئے ٹال مٹول کی تو وزیراعظم کو بھی سپریم کورٹ طلب کیاجاسکتاہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مختلف مواقعوں پر حکومت کی جانب سے مردم شماری پر ٹال مٹول سے کام لیا جاتا رہا ہے ، اب سپریم کورٹ نے واضح حکم جاری کر دیا ہے کہ حکومت ہر حال میں مردم شماری کروائے ۔