اسلام آباد ( آن لائن ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ قوم اور ملک کے مفاد میں کیا ہے ،انشاء اللہ پاکستان کے آنے والے دن بہت اچھے ہوں گے ،میری خدمات ملک کیلئے دستیاب رہیں گی ،میرا ایمان ہے پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم اورارادہ کرلیاہے اورپاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کاصفایا ہوجائیگا ، ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اسلام آباد سے اوکاڑہ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ فیصلہ قوم اور ملک کے مفاد میں کیاہے ، ریٹائرمنٹ کے بعد اپنا باقی وقت پاک فوج کے شہداء کے ورثاء کے لیے وقف کروں گا ، میں ملک کی خاطر ہر ممکن کام کے لیے کوشاں رہا ،فوج کے شروع کردہ کام میرے جانے کے بعد بھی جاری رہیں گے ، میں قوم کی خدمت کیلئے حاضرہوں اور آئندہ بھی ملک و قوم کی خدمت بھرپور جذبے سے جاری رکھوں گا ،انہوں نے کہا کہ میراایمان ہے پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم اورارادہ کرلیاہے اس لیے قوم دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کاصفایا ہوجائیگا۔