اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ڈپٹی کنوینئر اور پارٹی کے سینئر رہنما فاروق ستار نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کے فیصلے پاکستان سے کرنے کا فیصلہ مستقل بنیادوں پر کیا گیا ہے۔تاہم، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگرچہ تمام فیصلے اور پالیسی سازی پاکستان سے ہوگی، لیکن مشورے ہم لندن سمیت پوری دنیا سے لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی سیاست کررہے ہیں اور پارٹی یہاں رجسٹرڈ ہے، لہذا فیصلہ بھی ہم نے ہی کرنے ہیں۔متحدہ رہنما نے یہ بھی کہا کہ لندن کی رابطہ کمیٹی کو یہ بات ضرور معلوم ہے کہ ہم جو بھی فیصلے کرتے ہیں وہ قوم اور اپنے ووٹرز کے مفادات کو سامنے رکھ کر کیے جاتے ہیں۔ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان کے بعد ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو لندن کے بجائے پاکستان سے چلانے کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے کہ رواں ہفتے 22 اگست کو کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتال کیمپ میں بیٹھے ایم کیو ایم کارکنوں سے خطاب کے دوران پارٹی قائد الطاف حسین نے پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے۔