کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری غلط ہوئی اور چوہدری نثار اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں جبکہ اس بات کو رینجرز اور دیگر اداروں نے بھی تسلیم کیا ہے۔میڈیا سے بات چیت میں سید مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت کو رینجرز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ کچھ لوگوں نے اسے خوامخواہ کا مسئلہ بنا لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ سندھ حکومت کا منفی تاثر ختم کریں گے تاہم معاملات درست کرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ چند ماہ میں سندھ حکومت کی سمت ضرور طے کریں گے۔مختلف دفتروں کا اچانک دورہ کرنے کے سوال پر وزیر اعلی سندھ نے جواب دیا کہ انہوں نے کسی دفتر پر چھاپہ نہیں مارا اور یہ کہ وہ مقررہ وقت پر دفتر آتے ہیں، انہوں نے کہاکہ وقت پر دفتر آنا افسران اور ملازمین کی ذمہ داری ہے۔سید مراد علی شاہ نے اپنے طرزِ حکومت کو وضع کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اکیلے حکومت کرنے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ہر آدمی کو اپنا کام کرنا ہوگا تب ہی مسائل کا حل نکلے گا۔