دبئی (این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نریندر مودی ہوش کھو بیٹھے ہیں،سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے،براہمداغ بگٹی پاکستان کا غدار ہے۔ایک انٹرویو میں سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا کہ بھارتی نریندر مودی ہوش کھو بیٹھے ہیں،میری نظر میں بھارتی وزیر اعظم پاگل ہوگیا ہے ٗبراہمداغ بگٹی پاکستان کا غدار ہے،ملک کا غدار مودی کو مبارکباد دے رہا ہے،بلوچوں کے ترجمان بننے والے ڈیرہ بگٹی تو آ نہیں سکتے،اکبر بگٹی کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا گیا،کوئی حادثہ ہوسکتا ہے،ان کی موت پر افسوس ہے،ایک غدار شخص بلوچ قوم کا نمائندہ کیسے ہوسکتا ہے ٗاکتوبر میں ہوسکتا ہے میں واپس آ جاؤں،آئندہ ماہ علاج کیلئے امریکا جاؤں گا،بینک اکاؤنٹ منجمد ہے اسے استعمال نہیں کرسکتا ،پراپرٹی میرے نام ہے اور اسے فروخت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے لوگوں کو استعمال کرتا رہتا ہے،نوے فیصد یقین ہے سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے۔دشمن افغانستان میں شمالی اتحاد کو ہمارے خلاف استعمال کرتا ہے،بھارت افغانستان میں ’’خاد‘‘کو استعمال کرتا ہے ٗسارک کانفرنس میں چودھری نثار نے اچھا بیان دیا،نائن الیون کا منصوبہ اسامہ نے بنایا تھا،میری نظر میں وہ دہشتگرد تھا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کے حالات سب کے سامنے ہیں کس طرف جارہے ہیں،الیکشن کمیشن میں تبدیلیاں لائی گئیں تو 2018ء کا الیکشن جیت جاؤں گا۔