اسلام آباد (این این آئی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی سے اظہار خیال نہ کرنے کی درخواست کر کے قومی اسمبلی کا ماحول گرم ہونے سے بچا لیا ٗمحمود خان اچکزئی دستاویزات کے ساتھ بھرپور تیاری میں تھے تاہم وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار بھی جواب دینے کے لیے ایوان میں حاضر پائے گئے۔ بدھ کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں سب نظریں ایوان میں موجود پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار پرلگی تھیں تاہم انتظار انتظار ہی رہا اور اسپیکر قومی اسمبلی نے اچانک غیر متوقع طور پر اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر سردارایاز صادق نے پختون رہنما کو چٹ بھجوائی جس پر ’’پلیز نو‘‘ تحریر تھا اسپیکر نے یہ درخواست اس لئے کی تاکہ ایوان کا ماحول گرم نہ ہو ۔