ملتان(آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے 20اگست کو ملتان میں منعقدہ دھرنے کے جواب میں مسلم لیگ(ن)نے بھی اسی دن ملتان میں طاہرالقادری اور عمران خان کیخلاف دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔مقامی لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کو دھرنے میں ہزاروں افراد کی شرکت یقینی بنانے کا ٹاسک بھی دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن)ضلع ملتان 20اگست کو ملتان میں پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے جواب میں اسی دن ملتان میں خوشحالی بچاؤ دھرنا دے گی۔مسلم لیگ(ن)کے ضلعی صدر بلال بٹ نے آئی این پی کو بتایا کہ عمران خان اور طاہر القادری ملک کی ترقی کے دشمن ہیں۔20اگست بروز ہفتہ کو مسلم لیگ(ن)سٹی و ضلع ملتان شام 5بجے چوک ڈبل پھاٹک پر دھرنا دے گی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔دھرنے کے شرکاء عمران خان اور طاہرالقادری کے پتلے بھی نذرآتش کریں گے۔