لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کا 69واں یوم آزادی آج انتہائی اور روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ سرکاری اور نجی سطح سمیت عوامی سطح پر بھی جشن آزادی کو بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جا رہاہے۔ مساجد میں قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں چراغاں بھی کیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف لاہور پولیس نے ون ویلنگ کے مرتکب نوجوانوں سمت شرپسند عناصر سے نمٹنے کے لئے انتہائی اقدامات بھی کئے ہیں ۔ اس سلسلے میں سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ جشن آزادی منانا اور ہر شہری کا حق ہے لیکن قومی پرچم کی پامالی سیمت شہریوں کو پریشان کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی ۔پاکستان کے یوم آزادی منانے کے سلسلے میں گلی گلی محلہ محلہ گھروں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر قومی پرچم لہرادئیے گئے ہیں سرکاری اورنجی ٹی وی چینلز سمیت ریڈیو پاکستان میں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی نشریات پیش کی جا رہی ہیں ۔شہریوں کی بڑی تعداد آج مینار پاکستان مزار اقبال پر حاضری دے گی۔ جبکہ واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈرز پر پرچم کشائی کی خصوصی تقاریب منعقد ہونگی۔ پنجاب حکومت پہلے ہی سانحہ کوئٹہ کے باعث یوم آزادی کی تقریبات سادگی سے منانے کا اعلان کرچکی ہے۔ جبکہ سیاسی اور دیگر تنظیموں نے پاکستان کے یوم آزادی پر تقاریب منعقد کرنے اور ریلیاں نکالنے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔