اسلام آباد(این این آئی)وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ گرفتار امریکی شہری میتھیو بیرٹ جاسوس ثابت نہیں ہوا ٗآئندہ چند روز میں پاکستان سے ڈی پورٹ کردیا جائیگا ٗ روایت سے ہٹ کر بھارتی وزیر داخلہ کو خصوصی پریزنٹیشن کی اجازت دی ٗپاکستان کی تضحیک کا جواب دینا میراض فرض ہے ٗمقبوضہ کشمیر میں جاری آپریشن کسی صورت قبول نہیں ٗ چند ہفتے قبل کشمیریوں کو بے وقوف بنانے والی سیاسی جماعت بھارتی وزیر داخلہ کے بیان پر کوئی رد عمل نہیں دیا ٗقوم سے منافقت اور زیادتی نہ کی جائے ٗ سکیورٹی فورسز کو بلا جواز تنقید سے بچانا میری ذمہ داری ہے ٗکچھ لوگوں کو بھارت کے مفادات سے زیادہ ہمدردی ہے ۔جمعہ کو یہاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ شناختی کارڈ کی تصدیق کسی ایک شخص کا کام نہیں تھا ٗ میڈیا اور عوام نے بھرپور ساتھ دیا جس کے باعث یہ کام ممکن ہوپایا۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ اور 10 دن میں 3 کروڑ 12 شناختی کارڈز کی تصدیق ہوچکی ہے ٗ غیر متعلقہ افراد کے شناختی کارڈز بلاک کردیئے ہیں ٗ14 غیر ملکیوں نے خود فون کرکے اپنے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ واپس کیے ٗاندھیر نگری انشااللہ ختم ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ امریکی شہری پر 2011ء میں گرفتاری کے وقت جاسوسی کے الزامات نہیں تھے لیکن یہ اس وقت حساس علاقے میں پایا گیا تھا،امریکی شہری کو 2011ء میں ڈی پورٹ کیا گیا تھا،ہیوسٹن اور اسلام آباد، دونوں جگہ آفیشلز نے بتایا کہ کمپیوٹر خراب تھاجس نے امریکی شہری کو چھوڑا وہ گرفتار ہے، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی ٗغلطی کی نشاندہی کرنے والے کو وزارت داخلہ نے ایک لاکھ روپے انعام دیا ٗسینیٹر اعظم سواتی نے بھی متعلقہ افسر کیلئے بطور انعام ایک لاکھ روپیہ بھجوایا تاہم وہ واپس کر دیئے گئے کیونکہ وزرت داخلہ نے انعام دیدیا ہے ٗ بلیک لسٹ امریکی شہری کے معاملے میں جس افسر نے غلطی کی نشاندہی کی اس افسر کو تعریفی اسناد دی گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ امریکی شخص جاسوس نہیں تھا، کم از کم کوئی ایسے شواہد سامنے نہیں آئے لیکن قابل اعتراض سرگرمیوں میں ضرور تھا ٗ جے آئی ٹی ر پورٹ اور عدالتی حکم کی روشنی میں اس امریکی شہری کو ڈی پورٹ کیا جائیگا۔