اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم پر عالمی توجہ مرکوز کرنے کی غرض سے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کو خط بھیج دیا۔ عرب لیگ کے رکن ملکوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور خونریزی روکنے کیلئے دباؤ بڑھائیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ نے جمعرات کو عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک خط میں مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پر زور دیا ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فورسز نے گذشتہ ایک ماہ سے سویلین کے خلاف مظالم اور بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے جس میں اب تک 70 سے زائد شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، ان میں سے درجنوں نوجوان کشمیری بینائی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ مشیر خارجہ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں بھی ان سے وعدہ کیا گیا ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی غاصبانہ قبضہ کے خلاف عرصہ دراز سے جدوجہد کر رہے ہیں اور حالیہ احتجاجی مظاہرے بھی ان کا ہی تسلسل ہیں۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑا نہیں جا سکتا۔ عرب لیگ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں خونریزی اور بربریت روکنے کیلئے دباؤ بڑھائے۔