اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایک بار پھر بازی لے گئے۔ تفصیل کے مطابق انٹرنیٹ پر جاری ایک وڈیو میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بلدیہ کے اعلیٰ افسران کی سخت سرزنش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں صفائی مہم بارے خصوصی احکامات جاری کئے تھے جس کے تحت کراچی کو کچرے کے ڈھیر سے پاک کیا جانا تھا لیکن بلدیہ افسران کی نا اہلی پر مراد علی شاہ سخت نالاں دکھائی دے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں صفائی نہ ہونے اور ایک جگہ کچرے کے ڈھیر پر بلدیہ افسر ان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ کیا ہے؟ یہ جو سامنے آپ کا دفتر ہے ، کل سے آپ اپنی میز یہاں لگا کر بیٹھیں تاکہ آپ کو اندازہ ہو‘‘۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آپ لوگ اپنے ہی دفتر کے باہر صفائی تک نہیں کروا سکتے جس پر افسر نے جواب دیا کہ میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کرواتا ہوں تو مراد علی شاہ کہنے لگے کہ اگر یہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی ہے تو شہر کا اللہ ہی حافظ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کی سخت سرزنش کرتے ہوئے فوراََ صفائی کے احکامات جاری کر دیئے۔