جدہ /اسلام آباد(این این آئی) سعودی عرب میں پھنسے پاکستا نیوں کے اہل خانہ کو وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان میں گھروں پر چیک ملنا شروع ہو گئے جبکہ متاثرین کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پھنسے 8 ہزار پاکستانیوں کو 9 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث ان کے پاکستان میں اہل خانہ دو وقت کی روٹی کو ترس گئے تاہم وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کو نہ صرف پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کاحکم دیا بلکہ ان کے اہل خانہ کو اخراجات کے لیے رقم کی فوری فراہمی کا حکم بھی دیا۔وزیراعظم نواز شریف کے حکم پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم ان افراد کے اہل خانہ کو ان کے گھروں پر چیک کی فراہمی شروع کردی گئی جس پر پاکستانیوں کے اہل خانہ کی آنکھوں میں آنسو چھلک آئے اور لبوں پر وزیراعظم نواز شریف کیلئے دعائیں تھیں ۔جدہ میں 2 بڑے کیمپس میں کھانے کی فراہمی بحال کردی گئی ٗ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ متعلقہ کمپنی کو چھوڑنے کے خواہش مند مزدوروں کے ورک پرمٹس کی منتقلی اور وطن واپس آنے والوں کی مدد کی جائے گی ۔