راولپنڈی(این این آئی )پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں کریش لینڈنگ کرنیوالے ہیلی کاپٹر کے عملے کے ارکان میں آرمی چیف کا کوئی رشتہ دارشامل نہیں ، یرغمالیوں کو زندگی انتہائی قیمتی ہے ، انکی بحفاظت اور جلد واپسی کیلئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ہفتہ کو ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ جمعہ کو افغانستان کے صوبہ لوگر میں کریش لینڈنگ کرنے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کے متعدد ارکان کی شناخت کے بارے میں افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی یرغمالی آرمی چیف کا رشتہ دار نہیں اور اس حوالے سے افواہیں قطعی طور پر بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے کہا یرغمال بنائے گئے افراد کی زندگی انتہائی قیمتی ہے اور انکی بحفاظت اور جلد واپسی کیلئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ واضح رہے کہ افغان میڈیا نے دعویٰ کیا تھا یرغمالیوں میں پاکستان کے آرمی چیف کا داماد بھی شامل ہے ۔